You are here

انسان کا سب سےاعلیٰ مقام یہ ہےکہ وہ اللہ کی عبودیت اور اس کی بندگی کو اختیار کرے ، اس کے احکامات کی فرماں برداری کرے ، دنیا اور آخرت کی کامیابی اسی میں ہے ، پورا دین آسان ہونے کے ساتھ ساتھ پورا دین بہتر اور درست بھی ہے ۔
عبودیت زندگی کے تمام شعبوں کو شامل ہے لہذا ہر ایک کو اس کی معرفت ہونی ضروری ہے تاکہ اس کے ذریعہ اجر حاصل کیا جائے اور لغزش و گمراہی سے نجات حاصل کی جائے، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے (جو کوئی بھی اپنے رب سے ملاقات کی امید رکھتا ہے اسے چاہيے کہ نیک کام کرے اور اپنے رب کی عبادت میں کسی کو شریک نہ ٹھہرائے)۔
عمل کی درستگی یہ ہے کہ وہ بالکل صحیح طریقے پر ہو جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں حکم دیا ہے ، اور اللہ کے رسول ﷺ نے ہمیں سکھلایا ہے ۔ چنانچہ ہر خیر آپ ﷺ کی اتباع اور آُپ کے طریقے اور راستے پر چلنے میں ہے ۔ 
ایک مسلمان کا اپنے دین کے احکام و مسائل کا سیکھنا عظیم ربانی نعمتوں اور عطیات میں سے ہے ۔ نبی علیہ الصلاۃ والسلام نے فرمایا : (جس کے ساتھ اللہ بھلائی کا ارادہ کرتا ہے اس کو دین کی سمجھ دیتا ہے )
ہم نے کوشش کی ہے کہ اس کتاب میں اسلام کے تمام بنیادی امور بشمول عقائد واحکام اعمال ومسائل اور اخلاقیات کو مختلف مراحل اور متعین لائحہ عمل کے ذریعہ قابل فہم اور آسان انداز میں پیش کیا جائے ، ساتھ ہی ساتھ چند تصاویر کا بھی استعمال کیا گیا ہے جو مقصود مطلوب کو سمجھنے اور غور کرنے میں اضافہ کرتی ہیں ۔ تاکہ یہ کتاب دلچسپی رکھنے والے مسلمانوں کے لئے ان کے تخصصات کے اختلاف کے باوجود تعلیمی رہنما اور مرجع قرار پائے ۔
اللہ کی مدد سے آپ اس کتاب میں دین کے احکام اور اس کے طریقوں کے بیان کےضمن میں قرآنی اسلوب کی چھاپ پائیں گے۔ چنانچہ اس کتاب میں صرف ان چیزوں کو جسے کرنا یا نہ کرنا ضروری ہوتا ہے ان کے ذکر پر اکتفا نہیں کیا گیا ہے ۔ بلکہ اس سے اوپر اٹھ کر ان عبادات کی روح اور ان کے مقاصد و فوائد کو ذکر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ اور ان سوالوں کا جواب بھی دیا گیا ہے جو دین کے سیکھنے میں انتہائی اہم ہیں ۔ خاص طور پر اس تیز رفتار تبدیلی والے زمانے میں ۔ مثلا: کیوں؟ کیسے؟ اور کیا ہوگا اگر حالات تبدیل ہوجائیں؟
اللہ تعالیٰ سے ہم دعا کرتے ہیں کہ وہ ہماری نیتوں میں اخلاص، اور ہمارے اعمال میں درستگی پیدا فرمائے ، اور ہمیں سب سے بہتر اقوال و افعال اور اخلاق کی رہنمائی کرے ۔ وہی سب سے بہتر رہنمائی کرنے والا ہے اور ہم سب سے برے قوال وافعال اور اخلاق کو دور کردے، وہی برائی کو دور کرنے والا ہے۔
درود وسلام ہو رسول ﷺ پر جنہیں ان کے رب نے حکم دیا کہ وہ یہ دعا کرتے رہیں: 
(اے میرے رب تو ہمارے علم میں زیادتی عطا فرما )

آسان رہنمائے مسلم

آسان رہنمائے مسلم کی ویب سائٹ کتاب "آسان رہنمائے مسلم" کا الکٹرانک نسخہ ہے۔ یہ شرکۃ الدلیل المعاصر کا ایک پروجیکٹ ہے، جسے زائد از پندرہ زبانوں میں تیار کیا گیا ہے، اور اس کے مشمولات متعدد معیاری الکٹرانک شکلوں میں موجود ہیں۔